(ایجنسیز)
عرب ممالک اور مشرق وسطیٰ میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ کئی عشروں بعد مصر نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ دارالحکومت قاہرہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گذشتہ تین دن سے وقفے سے وقفے برف باری ہو رہی ہے جس سے بعض مقامات پر درجہ حرارت صفر درجے سینٹی گریڈ تک گرچکا ہے۔
مصری محکمہ موسمیات کے تجزیہ نگار علی عبدالعظیم نے بتایا کہ "اگرچہ برف زیادہ نہیں پڑی ہے۔ محض ایک سفید چادرہے، جو اوڑھ لی ہے مگر اس نے درجہ حرارت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض بالائی علاقوں میں ہر سال برف باری ہوتی ہے مگر قاہرہ میں کئی عشروں بعد برف باری ہوئی ہے۔
العربیہ ڈاٹ بیٹ کے مطابق اسکندریہ شہر سے متصل بحر متوسط کے ساحل پر واقع زرعی اہمیت کے حامل ضلع البحیرہ میں برف باری کے نتیجے میں زیر کاشت فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق البحیرہ گورنری میں کھتیوں کو پانی سپلائی کرنے والی نالیاں برف سے بھر گئی ہیں، کھیتوں میں برف باری کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ برف باری کے باعث سیوریج کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ادھرسخت سردی اور برف باری کےبعد مصر کی بندرگاہوں پر بحری نقل وحمل کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ حکام نے اسکندریہ میں بوغازی
بندرگاہ، نہر سویز اور دمیاط بندرگاہوں پر سمندر میں کشتی رانی اور بحری جہازوں کی آمد ورفت کو تین دن سے روک رکھا ہے۔
اسکندریہ پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل عادل یاسین حماد نے بتایا کہ موسم کی خرابی بالخصوص بارش کے باعث سمندری لہریں کم سے کم اڑھائی میٹر بلند ہوگئی تھیں جس کے بعد بحری جہازوں کے آپس میں ٹکرانے کا اندیشہ تھا، اس لیے انہوں نے موسمی حالات معمول پر آنے تک بوغازی اور الدخیلہ ٹرمینل پر جہازوں کی آمد ورفت روک دی ہے۔
دمیاط میں نظام زندگی معطل
مصر میں موسمی تبدیلی کے نتیجے میں ساحلی شہر دمیاط سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں برف باری اور تباہ کن بارشوں کے باعث نظام زندگی معطل ہو چکا ہے۔ برف باری کے باعث سڑکیں اور بازار سنسنان ہیں۔ شہریوں کو اشیائے خورو نوش کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دمیاط پورٹ بھی مسلسل تیسرے روز بند ہے، جس سے ماہی گیروی کا نظام بھی درہم برہم ہوا ہے۔ ادھر جزیرہ نما سینا کے جنوبی شہر سینٹ کٹرین میں سخت سردی کی اطلاعات ہیں جہاں درجہ حرارت منفی آٹھ درجے سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔ شہر میں کم سے کم بیس سینٹی میٹر برف کے باعث ٹریفک کا نظام معطل ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔
کیا آپ تبصرہ کرنا چاہتے ہیں